رمضان اور پیارے بچے
السلام علیکم سب کو رمضان کی بہت بہت مبارک باد
امید ہے آپ سب رمضان کی برکتوں سے لطف اندوز ہو رہے ہوں گے۔اگر اپ سب لطف اندوز ہو رہے ہیں تو کیوں نہ آپ کے بچے بھی رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹیں؟
آپ سب کو یاد ہوگا جب ہم لوگ روزہ رکھا کرتے تھے تو اس دور میں رمضان کی اہمیت اور احترام پہ بہت زور دیا جاتا تھا مجھے اچھے سے یاد ہے کہ ہمیں ہماری امی جان صبح سویرے سحری میں اپنے ساتھ ہی جگایا کرتی تھی ہم سحری ساتھ میں کرتے تھے اور اس کے بعد جب سکول کا وقت ہوتا تھا بنا کوئی لنچ باکس لیے ہم سکول میں جاتے تھے۔ سکول کا دورانیہ چونکہ کم ہوتا تھا اس لیے روزہ نہ ہونے کے باوجود بھی ہم لوگ نہ تو سکول میں پانی پیتے تھے اور نہ ہی کچھ کھاتے تھے۔
اب یہ چیز ہمیں کس نے سکھائی؟
جی ہاں ! یہ چیز ہمیں ہمارے والدین اور ہمارے اساتذہ کرام نے سکھائی کہ بھلے ہی آپ کا روزہ نہ ہو لیکن روزہ داروں کے سامنے کھانے پینے سے اجتناب کریں۔
یہ اخلاقی تقاضہ ہے کہ ہم والدین اور اساتذہ کرام بچوں کے اندر رمضان کے احترام اور اس کی اہمیت کو اجاگر کریں۔
جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ اب رمضان میں موسم بھی قدر بہتر ہے تو سب سے بہترین حل یہ ہے کہ آپ اپنے بچوں کو روزے کی ترغیب دیں اگر آپکے بچے سوم جماعت سے چھوٹی جماعت میں ہیں تو انہیں ناشتہ کروا کے بھیج دیں لیکن لانچ باکس دینے سے گریز کریں کیونکہ اسکول کا دورانیہ ویسے بھی کم ہے جیسے ہی بچے گھر آئیں تو انہیں کھلا پلا دیں۔ اور دیکھیے گا کچھ بچے تو اپنے والدین سے کہیں گے کہ ہمیں کچھ نہیں کھانا پینا ہمارا تو روزہ ہے۔ اور ہم لوگ بھی ایسا ہی کہا کرتے تھے تو پھر ہماری امی ہمیں کہا کرتی تھیں کہ بیٹا چڑی روزہ ہے آپ کا۔
یوں آہستہ آہستہ ہمیں بھی عادت ہوتی گئی اور اسی طرح آپ کے بچوں کو بھی روزہ رکھنے کی عادت ہوتی جائے گی۔ ان شاء اللہ
یہاں ہمارا مقصد کسی کی دل ازاری کرنا قطعا نہیں ہے صرف اس بات کی طرف سب کی توجہ دلانا ہے کہ رمضان برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے اس مہینے میں کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمائیں اور سب کے لیے آسانیاں پیدا کریں ۔
کوشش کریں کہ اپنے بچوں کو اذکار سکھائیں تاکہ وہ فارغ وقت میں بجائے باتیں کرنے کے یا کسی اور کام میں مصروف ہونے کے اذکار کریں۔
اسکے لیے بہترین حل یہ ہے کہ اپنے بچوں کو تسبیح کاؤنٹر لے دیں تاکہ بچوں کے اندر اذکار کا جذبہ اجاگر ہو۔
یہ فرد واحد کی کوشش نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کو کوشش کرنی ہے ۔ تو اس امید کے ساتھ کوشش کریں کہ ہمارے بچے جو ہمارا مستقبل ہیں رمضان کا خوب احترام کریں گے۔
اللہ تعالی آپ کو اپنی رحمتوں اور برکتوں سے نوازے آمین۔
طالب دعا